ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلور کے فساد زدہ عوام کومشتعل کرنے شوبھا کی مذموم کوشش

منگلور کے فساد زدہ عوام کومشتعل کرنے شوبھا کی مذموم کوشش

Tue, 11 Jul 2017 09:53:28    S.O. News Service

بنگلورو،10؍ جولائی(ایس اونیوز) بی جے پی کی رکن پارلیمان شوبھاکارند لاجے نے فرقہ وارانہ فسادات سے متاثرہ علاقوں میں بسنے والے اکثریتی فرقہ کو اشتعال دلانے کی کوشش کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس علاقہ کے عوام کو نامرد نہ سمجھیں ،وقت آنے پر سخت سے سخت جواب دینے کیلئے یہاں کے عوام تیار ہیں۔ ریاستی حکومت کو فرقہ وارانہ فسادات کو روکنے میں ناکام قرار دیتے ہوئے شوبھا نے کہاکہ پچھلے 42 دنوں سے اس حکومت کو کارروائی کرنے کا موقع دیا گیا، لیکن اب فرقہ وارانہ جذبات کوہوا دینے والوں کے خلاف یہ حکومت کارروائی کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ شوبھانے کہاکہ ریاستی حکومت نے کے ایف ڈی اور پی ایف آئی کارکنوں کے خلاف مقدمات واپس لئے اور یہ کارکن اب بی جے پی اور آر ایس ایس کارکنوں کا کھلے عام قتل کررہے ہیں۔ان تمام واقعات پر بی جے پی خاموش بیٹھ نہیں سکتی۔ شوبھانے الزام لگایا کہ سدرامیا حکومت بی جے پی اور آر ایس ایس کارکنوں کامنظم طریقے سے قتل کروارہی ہے۔ عوام کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ پولیس کو فرقہ وارانہ فسادات روکنے میں ناکام قرار دیتے ہوئے شوبھانے کہا کہ اس طرح کے حالات دوبارہ پیدانہ ہونے پائیں ، اس کیلئے ابھی سے مستعدرہنے کی ضرورت ہے۔ بصورت دیگر بی جے پی اس کے خلاف پرتشدد احتجاج کرنے پر مجبور ہوسکتی ہے۔ 


Share: